اسلام آباد:مذاکرات کامیاب، پیٹرول پمپ مالکان نے ہڑتال موخر کر دی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) حکومت اور پیٹرول پمپ مالکان کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد آل پاکستان پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن اور پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال موخر کرنے کا اعلان کر دیا۔ پیٹرول پمپ مالکان نے آج رات 12 بجے جبکہ ڈیلرز ایسوسی ایشن نے صبح 6 بجے سے دی گئی ہڑتال کی کال واپس لے لی۔

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے آل پاکستان پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن اور دیگر ڈیلرز ایسوسی ایشنز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 28 فروری سے خطے کی صورتحال کے باعث سب تشویش میں مبتلا ہیں اور وزیراعظم عوام کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں ایک بار پھر جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومت اب تک کئی سو ارب روپے کی سبسڈی فراہم کر چکی ہے، مؤثر ٹارگٹڈ سبسڈی کا نظام وضع کیا گیا ہے، جبکہ آئل ریفائنریز اور پیٹرولیم تنظیموں نے بھی بھرپور تعاون کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم ڈیلرز کے مارجن کا معاملہ مشاورت سے حل کیا جائے گا، اس حوالے سے سمری وفاقی کابینہ کو بھجوائی جائے گی، جبکہ یومیہ قیمتوں کے نظام کا دو ہفتے بعد پیٹرولیم تنظیموں کے ساتھ دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

آل پاکستان پیٹرولیم اونرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اطلاعات ندیم خان نے کہا کہ حکومت نے پیٹرول ڈیلرز کا مارجن بڑھانے کی یقین دہانی کرائی ہے، جس کے بعد احتجاج کی کال موخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دو ہفتوں کے اندر مارجن اور کمیشن کا معاملہ حل ہو جائے گا، جبکہ یومیہ نرخوں کے نظام کو بھی دو ہفتے تک آزمائشی بنیادوں پر نافذ کیا جائے گا۔