اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سینئر صحافی محسن جمیل بیگ نے ایک گفتگو کے دوران انکشاف کیا ہے کہ موجودہ حالات میں اسٹیبلشمنٹ پنجاب حکومت کے ساتھ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اس وقت ایک “گینگ اپ” بنا ہوا ہے جو جلد اپنے انجام کو پہنچے گا۔
محسن جمیل بیگ نے صحافی اعزاز سید سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ’’جو آج کل پنجاب میں گینگ اپ بنا ہوا ہے، یہ انشاءاللہ یا تو بھاگ جائیں گے یا کورٹوں میں ہوں گے۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے موجودہ حالات میں استحکام نظر نہیں آ رہا، اور آنے والے دنوں میں بڑے سیاسی جھٹکے لگ سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا’’میں پیشنگوئیاں نہیں کرتا، لیکن یہ جو طریقہ کار اپنایا گیا ہے، اس کے نتائج مستقبل میں دیکھنے کو ملیں گے۔‘‘
گفتگو کے دوران جب اعزاز سید نے سوال کیا کہ ’’آرمی چیف تو مریم نواز صاحبہ کی تعریف کرتے ہیں،‘‘ تو محسن جمیل بیگ نے جواب دیا’’حالات آئیں گے تو آپ خود دیکھ لیجیے گا۔‘‘
انہوں نے عندیہ دیا کہ آنے والے دنوں میں پنجاب کی سیاسی صورتِ حال میں تبدیلی ممکن ہے، تاہم انہوں نے براہِ راست وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے عہدے کے حوالے سے کوئی واضح پیش گوئی کرنے سے گریز کیا۔محسن جمیل بیگ کا کہنا تھا کہ وہ ’’ہارڈ کور انالیسز دینے والے‘‘ ہیں اور سیاسی منظرنامے کی حرکات و سکنات پر قریبی نظر رکھتے ہیں۔

