اسپین نے آسٹریا کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی

لاس اینجلس(فیفا، غیر ملکی میڈیا)فٹ بال ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 32 کے میچ میں اسپین نے آسٹریا کو تین صفر سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔لاس اینجلس میں کھیلے گئے میچ میں اسپین نے آغاز ہی سے کھیل پر مکمل کنٹرول رکھا اور گیند پر 65 فیصد وقت تک قبضہ برقرار رکھا۔

اسپین کی جانب سے اسکورنگ کا آغاز پہلے ہاف کے 36ویں منٹ میں اویارزابال نے کیا، جس کے بعد وقفے تک اسپین کو ایک صفر کی برتری حاصل رہی۔دوسرے ہاف میں بھی اسپین نے مسلسل حملے جاری رکھے، جس کے نتیجے میں 66ویں منٹ میں پیڈرو پورو نے دوسرا گول اسکور کیا۔

میچ کے مقررہ وقت کے اختتام سے ایک منٹ قبل اویارزابال نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول کر کے اسپین کی تین صفر سے کامیابی یقینی بنا دی۔اس فتح کے ساتھ اسپین نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ یہ 2010ء کے عالمی کپ کے بعد ناک آؤٹ مرحلے میں اسپین کی پہلی کامیابی بھی ہے۔