اسکاربرو (نمائندہ خصوصی)اونٹاریو کے حلقہ اسکاربرو ساؤتھ ویسٹ کے صوبائی ضمنی انتخاب میں نیو ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار فاطمہ شعبان کامیاب ہوگئیں جبکہ اونٹاریو لبرل پارٹی کے امیدوار احسن الحفیظ نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
ضمنی انتخاب کے تمام 57 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق فاطمہ شعبان نے 8 ہزار 914 ووٹ حاصل کیے جو مجموعی ووٹوں کا 40.47 فیصد ہیں، جبکہ لبرل امیدوار احسن الحفیظ 6 ہزار 674 ووٹ لے کر 30.30 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
پروگریسو کنزرویٹو پارٹی کے امیدوار نور تارون 5 ہزار 148 ووٹ، 23.37 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ گرین پارٹی کے مارک بیکرنگ نے 745 ووٹ، اونٹاریو پارٹی کے گورڈ ایلیٹ نے 237، نیو بلیو پارٹی کے کرس ریز نے 178 جبکہ آزاد امیدوار مائیکل پرڈیل وٹز نے 129 ووٹ حاصل کیے۔
الیکشنز اونٹاریو کے مطابق حلقے میں ووٹر ٹرن آؤٹ 26.5 فیصد رہا۔
فاطمہ شعبان نے انتخابی رات کنگسٹن روڈ پر واقع رائل کینیڈین لیجن برانچ 13 میں اپنے حامیوں کے ساتھ انتخابی نتائج دیکھے اور کامیابی کا جشن منایا۔
کامیابی کے بعد اپنے خطاب میں فاطمہ شعبان نے کہا کہ وہ اسکاربرو ساؤتھ ویسٹ کے علاوہ کہیں اور رہنے کا تصور نہیں کرسکتیں کیونکہ یہاں کے لوگ ان کے خاندان کی طرح ہیں۔ ان کے بقول یہ وہی کمیونٹی ہے جہاں وہ پلی بڑھی ہیں اور جہاں وہ اپنے بچوں کی پرورش کررہی ہیں۔
فاطمہ شعبان نے کہا کہ وہ حلقے کے عوام کو ان کا جائز حق دلانے کیلئےبھرپور جدوجہد کریں گی۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابی مہم کے دوران ان کی ٹیم نے ایک لاکھ 77 ہزار گھروں کے دروازوں پر دستک دی اور ووٹرز سے براہ راست رابطہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران ووٹرز کی عدم دلچسپی بھی ایک بڑا چیلنج تھی، تاہم ان کی ٹیم نے لوگوں سے رابطہ کیا، ان کے مسائل سنے اور ان کا اعتماد حاصل کیا۔
اونٹاریو نیو ڈیموکریٹک پارٹی کی رہنما مارٹ اسٹائلز نے بھی فاطمہ شعبان کے ہمراہ انتخابی رات کی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے کامیابی کو پارٹی کارکنوں اور ان تمام افراد کی فتح قرار دیا جنہوں نے انتخابی مہم کے دوران گھر گھر جاکر رابطہ کیا۔
مارٹ اسٹائلز نے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتوں نے اس نشست کے حصول کیلئے بھرپور کوشش کی لیکن اسکاربرو ساؤتھ ویسٹ کے عوام نے فاطمہ شعبان کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا۔

دوسری جانب لبرل امیدوار احسن الحفیظ نے انتخابی نتائج کے بعد ڈینفورتھ ایونیو پر واقع کباب زون کے باہر اپنے حامیوں سے خطاب کیا اور انتخابی مہم میں بھرپور تعاون کرنے پر اپنی ٹیم اور مہم کے منتظم کا شکریہ ادا کیا۔
احسن الحفیظ نے کہا کہ ان کی انتخابی ٹیم نے مہم کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کیں اور وہ اس تعاون پر سب کے شکر گزار ہیں۔بنگلہ دیش میں پیدا ہونے والے احسن الحفیظ 2002 میں کینیڈا منتقل ہوئے تھے اور ابتدائی طور پر اسکاربرو میں مقیم رہے۔ بعد ازاں انہوں نے یونیورسٹی آف ونڈسر سے ریاضی میں سائنس کی ڈگری حاصل کی۔
احسن الحفیظ نے کہا کہ وہ گزشتہ 12 برس سے لبرل پارٹی سے وابستہ ہیں اور یہ پہلا موقع تھا جب انہوں نے خود انتخاب لڑا۔ انہوں نے مستقبل میں بھی لبرل پارٹی کیلئےانتخاب لڑنے کا امکان مسترد نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ سیاسی میدان سے کہیں نہیں جا رہے اور مستقبل میں بھی کچھ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
فاطمہ شعبان کی کامیابی کے ساتھ این ڈی پی نے اسکاربرو ساؤتھ ویسٹ کی صوبائی نشست برقرار رکھی ہے۔ سابق ایم پی پی ڈولی بیگم 2018 سے اس نشست پر این ڈی پی کی نمائندگی کر رہی تھیں، تاہم رواں سال انہوں نے صوبائی نشست چھوڑ کر وفاقی ضمنی انتخاب میں لبرل امیدوار کے طور پر حصہ لیا اور کامیاب ہوگئیں۔
ڈولی بیگم کی رخصتی کے بعد اس نشست پر این ڈی پی کی گرفت کے حوالے سے سوالات اٹھائے جارہے تھے، تاہم فاطمہ شعبان کی کامیابی نے پارٹی کی اس حلقے میں مضبوط موجودگی برقرار رہنے کی تصدیق کردی ہے۔فاطمہ شعبان نے کہا کہ ان کیلئےیہ مہم نئے سرے سے اعتماد حاصل کرنے کی کوشش تھی اور انہوں نے گھر گھر جاکر لوگوں سے رابطہ کرکے ان کا اعتماد حاصل کیا۔
فاطمہ شعبان (این ڈی پی) — 8,914 ووٹ، 40.47 فیصد،احسن الحفیظ (لبرل) — 6,674 ووٹ، 30.30 فیصد،نور تارون (پروگریسو کنزرویٹو) — 5,148 ووٹ، 23.37 فیصد،مارک بیکرنگ (گرین پارٹی) — 745 ووٹ، 3.38 فیصد،گورڈ ایلیٹ (اونٹاریو پارٹی) — 237 ووٹ، 1.08 فیصد،کرس ریز (نیو بلیو پارٹی) — 178 ووٹ، 0.81 فیصد جبکہ مائیکل پرڈیل وٹز (آزاد)نے — 129 ووٹ، 0.59 فیصدووٹ حاصل کئے.

