افغان فضائی دراندازی پر پاکستان کا احتجاج، افغان سفیر کو ڈیمارش جاری

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان نے 23 ستمبر کو افغانستان کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے واقعے پر افغان حکام سے احتجاج کرتے ہوئے ڈیمارش جاری کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان میں افغان سفیر سردار شکیب کو طلب کیا گیا اور افغانستان کی جانب سے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق 23 ستمبر کو افغانستان کی جانب سے آنے والے ڈرونز کے واقعے پر افغان حکام کو ڈیمارش کیا گیا، جبکہ افغان فریق کو یہ احتجاج گزشتہ روز پہنچایا گیا۔

23 ستمبر کو پاکستانی حکام کے مطابق افغانستان کی جانب سے 8 ڈرونز پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوئے تھے، جنہیں پاکستان کے فضائی دفاعی نظام نے مار گرایا۔ 4 ڈرونز طورخم بارڈر سے ملحقہ علاقوں جبکہ 4 کوہاٹ سے متصل پہاڑی علاقوں میں گرائے گئے تھے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے افغانستان کی جانب سے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر اپنا احتجاج باضابطہ طور پر ریکارڈ کرا دیا ہے۔