القدس: حماس کے ہتھیار ڈالنے تک غزہ کی تعمیر نو نہیں ہوگی: نیتن یاہو

القدس(اے ایف پی، بین الاقوامی میڈیا)اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ حماس کے ہتھیار ڈالنے تک غزہ کی تعمیرِ نو نہیں کی جائے گی۔

بین الاقوامی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے نیتن یاہو نے ان خبروں کی تردید کی کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کو لبنان میں سرنگوں کو نشانہ بنانے سے روکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دعویٰ بے بنیاد ہے، ٹرمپ نے اس حوالے سے ان سے کوئی بات نہیں کی اور نہ ہی انہوں نے اس بارے میں کوئی سوال کیا۔

نیتن یاہو نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ جنوبی لبنان کے بعض مسیحی دیہات نے حزب اللہ کے جنگجوؤں سے تحفظ کیلئے اسرائیل کے ساتھ الحاق کی درخواست کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل مسیحی آبادی کو حزب اللہ سے تحفظ فراہم کر رہا ہے اور جہاں بھی ضرورت ہوگی، وہاں مسیحیوں کے تحفظ کیلئےاقدامات کیے جائیں گے۔نیتن یاہو نے ایک بار پھر مؤقف اختیار کیا کہ غزہ کی تعمیرِ نو کا عمل اس وقت تک شروع نہیں ہوگا جب تک حماس ہتھیار نہیں ڈالتی۔