امریکی انٹیلی جنس ادارے سے سیکڑوں ملازمین نکالنے کا منصوبہ تیار

واشنگٹن( سی این این، امریکی ذرائع)امریکا کے قائم مقام ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس بل پلٹے نے ادارے سے سیکڑوں ملازمین کو فارغ کرنے اور افرادی قوت میں بڑے پیمانے پر کمی کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق بل پلٹے نے عہدہ سنبھالتے ہی ادارے کے تمام ملازمین کی فہرست طلب کر لی تاکہ ممکنہ برطرفیوں کے عمل کا جائزہ لیا جا سکے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قائم مقام ڈائریکٹر نے گزشتہ روز ادارے کا دورہ کیا اور اعلیٰ حکام، عملے اور قانونی مشیروں سے مجوزہ منصوبے پر تفصیلی ملاقاتیں کیں۔ذرائع کے مطابق منصوبے کے تحت ادارے میں بڑے پیمانے پر ملازمین کی برطرفیوں اور افرادی قوت میں مزید کمی کی تیاری کی جا رہی ہے۔

بل پلٹے کے اس اقدام پر ڈیموکریٹ رہنماؤں نے شدید تنقید کرتے ہوئے ان کی اہلیت پر سوالات اٹھائے ہیں۔ کانگریس کے رکن جم ہائمز نے کہا ہے کہ انٹیلی جنس کمیٹی اس فیصلے کی سخت نگرانی کرے گی۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بل پلٹے کو قائم مقام ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس مقرر کیا تھا، جبکہ مستقل تقرری کا معاملہ تاحال غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے۔

رپورٹ کے مطابق ادارے میں ملازمین کی مزید برطرفیوں کی اطلاعات ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب امریکی انٹیلی جنس اداروں میں پہلے ہی افرادی قوت میں نمایاں کمی کی جا چکی ہے۔ بل پلٹے نے تلسی گبارڈ کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالی ہیں، جو گزشتہ ماہ مستعفی ہوئی تھیں، جبکہ اپنے دور میں وہ بھی عملے میں تقریباً چالیس فیصد کمی کر چکی تھیں۔