امریکی وفاقی ایجنٹس کی رکن کانگریس الہان عمر کے گھر کی تلاشی

واشنگٹن (اے پی، رائٹرز) امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے کے اہلکاروں نے ڈیموکریٹ رکن کانگریس الہان عمر کے واشنگٹن میں واقع گھر کی تلاشی لی ہے۔ امریکی محکمہ انصاف نے عدالتی وارنٹ کے تحت کارروائی کی تصدیق کردی ہے، تاہم تحقیقات کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق پیر کی صبح محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے تحقیقاتی شعبے کے اہلکاروں نے الہان عمر کی رہائش گاہ پر تلاشی کی کارروائی کی۔ محکمہ انصاف کے مطابق یہ کارروائی جاری وفاقی فوجداری تحقیقات کا حصہ ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق تحقیقات کی نوعیت اور دائرہ کار فوری طور پر واضح نہیں ہوسکا۔ امریکی میڈیا کی بعض رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ تحقیقات کا تعلق الہان عمر کے بچپن میں امیگریشن سے متعلق کاغذات سے ہوسکتا ہے، تاہم حکام نے اس کی باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کیں۔

الہان عمر ریاست مینیسوٹا سے ڈیموکریٹ رکن کانگریس ہیں اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں پر تنقید کرتی رہی ہیں۔ ان کے خلاف امیگریشن فراڈ کے الزامات پہلے بھی سامنے آتے رہے ہیں، جن کی وہ تردید کرتی رہی ہیں۔ تاحال حکام نے گھر کی تلاشی کے سلسلے میں ان پر کسی جرم کے باضابطہ الزامات عائد کرنے کا اعلان نہیں کیا۔