انگلینڈ نے کروشیا کو 2 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے دی

ٹیکساس(فیفا، بین الاقوامی میڈیا)فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے کے میچ میں انگلینڈ نے کپتان ہیری کین کی شاندار کارکردگی کی بدولت کروشیا کو 2 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔

ٹیکساس میں کھیلے گئے مقابلے میں انگلینڈ نے ابتدا ہی سے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اور بارہویں منٹ میں ملنے والی پنالٹی پر کپتان ہیری کین نے گیند کو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔

کروشیا نے 36ویں منٹ میں مارٹن کے گول کی بدولت مقابلہ ایک، ایک سے برابر کر دیا، تاہم صرف چھ منٹ بعد ہیری کین نے اپنا دوسرا گول اسکور کرتے ہوئے انگلینڈ کو دوبارہ سبقت دلا دی۔

پہلے ہاف کے اختتام سے چند لمحے قبل پیٹر موسیٰ نے کروشیا کی جانب سے گول کرکے اسکور دو، دو سے برابر کر دیا، جس کے ساتھ ہی پہلے ہاف کا اختتام ہوا۔

دوسرے ہاف میں انگلینڈ نے مسلسل جارحانہ کھیل پیش کیا اور 47ویں منٹ میں جوڈ بیلنگھم نے شاندار گول کرکے ٹیم کو ایک بار پھر برتری دلائی، جبکہ 85ویں منٹ میں مارکس راشفورڈ نے چوتھا گول اسکور کرکے انگلینڈ کی فتح پر مہر ثبت کر دی۔

مقررہ وقت کے اختتام پر انگلینڈ نے کروشیا کو 2 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر قیمتی تین پوائنٹس اپنے نام کر لیے، جبکہ ہیری کین دو گولز کے ساتھ میچ کے نمایاں کھلاڑی ثابت ہوئے۔