اوٹاوا ( اوٹاوا پولیس، اونٹاریو صوبائی پولیس، کینیڈین میڈیا)دارالحکومت اوٹاوا میں پولیس مبینہ طورپر قتل کئے جانیوالے دو کمسن بچوں کے بعد باپ کی خودکشی کے ایک افسوسناک واقعے کی تحقیقات کر رہی ہےے۔
اوٹاوا پولیس کے مطابق پیر کی صبح فِنڈلے کریک کے علاقے میں ایک گھر میں خیریت معلوم کرنے کیلئے پہنچنے والے اہلکاروں کو 7 اور 12 سالہ دو لڑکوں کی لاشیں ملیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں کے والد کی لاش بھی بعد ازاں اونٹاریو کے علاقے کیمپٹ ول کے شمال میں ایک کار پول پارکنگ میں جلنے والی گاڑی سے برآمد ہوئی۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس اس واقعے کو مبینہ قتل کے بعد خودکشی قرار دے رہی ہے۔
پولیس کے مطابق بچوں کے والدین میں طلاق ہو چکی تھی جبکہ بچوں کی والدہ سے بھی تفتیش کی جائیگی۔ حکام نے بتایا کہ بچوں کی والدہ کے علاوہ کسی اور شخص نے گھر پر کسی کے دروازہ نہ کھولنے پر پولیس سے رابطہ کر کے خیریت معلوم کرنے کی درخواست کی تھی۔
اوٹاوا پولیس کے سپرنٹنڈنٹ جیمی ڈنلپ نے کہا کہ یہ خاندان، دوستوں اور پڑوسیوں کیلئے انتہائی افسوسناک سانحہ ہے، اور جب متاثرین میں بچے شامل ہوں تو اس واقعے کو سمجھنا مزید مشکل ہو جاتا ہے۔ادھر اوٹاوا کے میئر مارک سٹکلف نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان سے تعزیت کی ہے۔
تحقیقات کے دوران اونٹاریو صوبائی پولیس ایک اور مقام، آئروکوئس کے ایک تجارتی پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے کا بھی جائزہ لے رہی ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ جلنے والی گاڑی، آتشزدگی اور بچوں کی ہلاکت کے واقعات آپس میں منسلک معلوم ہوتے ہیں۔ پولیس کے مطابق تحقیقات جاری ہیں اور معاملہ انتہائی پیچیدہ نوعیت کا ہے۔

