اوٹاوا:مہنگائی سے ریلیف کیلئے نیا گروسریز اینڈ ایسینشلز بینیفٹ کااعلان

اوٹاوا(نمائندہ خصوصی)کینیڈا کی وفاقی حکومت نے مہنگائی سے متاثرہ شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے“کینیڈا گروسریز اینڈ ایسینشلز بینیفٹ” متعارف کرانے اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق 5 جون 2026 سے اہل شہریوں کو ایک مرتبہ جی ایس ٹی/ایچ ایس ٹی کریڈٹ میں اضافی ادائیگی دی جائے گی، جو 26-2025 کے بینیفٹ سال کے کریڈٹ کا 50 فیصد ہوگی۔

3 جولائی 2026 سے نیا “کینیڈا گروسریز اینڈ ایسینشلز بینیفٹ” باقاعدہ طور پر جی ایس ٹی/ایچ ایس ٹی کریڈٹ کی جگہ لے لے گا، جس کے تحت اگلے پانچ سال تک سہ ماہی ادائیگیوں میں 25 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ اس اقدام سے 1 کروڑ 20 لاکھ سے زائد کینیڈین شہری مستفید ہوں گے۔

برامپٹن ساؤتھ سے رکن پارلیمنٹ سونیا سدھو کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی اشیائے خورونوش کی قیمتوں اور روزمرہ اخراجات نے خاندانوں پر دباؤ بڑھا دیا ہے، یہ اضافی ادائیگیاں عوام کو بجٹ سنبھالنے میں مدد دیں گی۔حکومت کے مطابق 2026 میں یہ بینیفٹ چار افراد کے خاندان کو زیادہ سے زیادہ 1890 ڈالر جبکہ اکیلے فرد کو 950 ڈالر تک فراہم کر سکتا ہے۔

اہل افراد کو یہ رقم خودکار طور پر ملے گی، بشرطیکہ انہوں نے 2024 کا ٹیکس ریٹرن جمع کرایا ہو اور جنوری 2026 میں جی ایس ٹی/ایچ ایس ٹی کریڈٹ کے حقدار ہوں۔ کسی علیحدہ درخواست کی ضرورت نہیں ہوگی۔

مزید برآں حکومت نے عوام کو فوری ریلیف دینے کیلئے 20 اپریل سے 7 ستمبر 2026 تک فیڈرل فیول ایکسائز ٹیکس عارضی طور پر معطل کرنے کا بھی اعلان کیا ہے، جس سے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 10 سینٹ تک کمی متوقع ہے۔

حکومتی مؤقف کے مطابق یہ اقدامات مہنگائی کے اثرات کم کرنے اور شہریوں کو مالی سہولت فراہم کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سے گھریلو اخراجات میں نمایاں کمی آسکتی ہے۔