اوٹاوا (کویت نیوز ایجنسی) کویت اور کینیڈا نے دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیے۔کویتی وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح اور کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند نے اوٹاوا میں ملاقات کے بعد مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت کویت کی وزارت دفاع اور کینیڈا کے متعلقہ اداروں کے درمیان دفاعی و سکیورٹی شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائیگا۔

کویتی وزارت خارجہ کے مطابق ملاقات میں کویت اور کینیڈا کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ دونوں جانب سے مختلف سطحوں پر رابطوں کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر خیالات کا تبادلہ ہوا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے، سلامتی اور استحکام کے فروغ کیلئے سفارتی کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

