اوکاڑہ: گھر سے خاتون اور تین بچوں کی لاشیں برآمد، واقعے کی تحقیقات جاری

اوکاڑہ (نمائندہ خصوصی+نامہ نگار)اوکاڑہ کے علاقے جندراکہ میں ایک گھر سے ایک خاتون اور اس کے تین بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹ کے بعد سامنے آئے گی۔

پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ راوی کی حدود میں پیش آیا، جہاں مقامی افراد نے ڈرائیور ریاض کے گھر میں چار افراد کی لاشیں دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔

جاں بحق افراد کی شناخت 40 سالہ فوزیہ ریاض، ان کے دو بیٹوں جنید ریاض اور داؤد ریاض، جبکہ بیٹی دعا فاطمہ کے نام سے ہوئی ہے۔ چاروں کی لاشیں گھر کے ایک کمرے سے برآمد ہوئیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی موقع پر پہنچے، انہوں نے جائے وقوع کا معائنہ کیا اور پولیس افسران سے واقعے پر بریفنگ لی۔ کرائم سین یونٹ نے گھر سے شواہد اور فرانزک نمونے بھی اکٹھے کیے۔

ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے بتایا کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ موت کی حتمی وجہ فرانزک تجزیے اور طبی رپورٹ موصول ہونے کے بعد معلوم ہو سکے گی۔

پولیس ترجمان عرفان سندھو کے مطابق تفتیشی ٹیمیں واقعے کے تمام ممکنہ پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہیں، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹس کے بعد ہی حقائق واضح ہوں گے۔