اوگرا میں مبینہ کرپشن پر ممبر آئل زین العابدین قریشی کو ایف آئی اے کا نوٹس

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی میں مبینہ کرپشن، پیٹرول اسٹاک میں ہیرا پھیری اور اختیارات کے غلط استعمال کے معاملے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے کی تحقیقات جاری ہیں، اس سلسلے میں اوگرا کے ممبر آئل زین العابدین قریشی کو کال اپ نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق قومی خزانے کو نقصان پہنچانے، پیٹرول مصنوعات کے ذخائر چھپانے، غلط رپورٹس جمع کرانے اور کلیمز میں مبینہ فراڈ سے متعلق تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

نوٹس کے متن کے مطابق زین العابدین قریشی کو 25 مئی صبح 9 بجے طلب کیا گیا ہے، جہاں ان سے آئل ٹرمینل آپریٹرز کے ساتھ مبینہ ملی بھگت سمیت مختلف معاملات پر پوچھ گچھ کی جائے گی۔

تحقیقاتی ادارے کا کہنا ہے کہ آئل سپلائی چین، اسٹاک مانیٹرنگ اور قیمتوں کے نظام کی نگرانی ممبر آئل کے دائرہ اختیار میں آتی ہے، اسی بنیاد پر متعلقہ امور کی چھان بین کی جا رہی ہے۔ایف آئی اے نے اوگرا حکام سے معاملے سے متعلق تمام ریکارڈ بھی طلب کر لیا ہے۔