چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد سید اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے
ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو 50 لاکھ اور ٹرافی دی گئی، رنز اپ ٹیم 25 لاکھ روپے کی حقدار بنی
نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے فائنل میں ایبٹ آباد نے فیورٹ کراچی وائٹس کو یکطرفہ مقابلے کے بعد نو وکٹوں سے شکست دے کر پہلی بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ایبٹ آباد نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا اور کراچی وائٹس کو 18 اعشاریہ تین اوورز میں 118 رنز پر آل آؤٹ کر دیا۔ ایبٹ آباد کی جانب سے فاسٹ بائولرز کی شاندار کارکردگی، مین آف دی میچ ارشد اقبال کی تین وکٹیں جبکہ شہاب خان اور رضا اللہ نے دو دو شکار کئے۔ وسیم جونیئر نے بھی ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

کپتان شاداب خان نے تین عشاریہ تین اوورز میں 17سترہ رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں ایبٹ آباد کے اوپننگ بلے باز شاہ زیب خان کی شاندار نصف سنچری کی بدولت ایبٹ آباد نے 13 اعشاریہ پانچ اوورز میں مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔ شاہ زیب نے 41 گیندوں پر تین چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے۔ کامران غلام نے 26 گیندوں پر تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 45 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔
کامران غلام کو ٹورنامنٹ کے بہترین بلے باز کا ایوارڈ بھی دیا گیا، انہوں نے چھ میچوں میں 246 رنز سکور کیے۔ بہترین باؤلر اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ سیالکوٹ کے اسامہ میر لے اڑے، انہوں نے ٹورنامنٹ میں 16 وکٹیں حاصل کیں. ٹورنامنٹ کے بہترین وکٹ کیپر بیٹر کا ایوارڈ کراچی بلوز کے عثمان خان کو دیا گیا۔

