اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی بھی وقت ہے، وفاق اس فیصلے کو چند دن میں واپس لے سکتا ہے۔
ایک بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وفاق انا کو ایک طرف رکھے اور زمینی حقائق کو سمجھے۔ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کو یکسر مسترد کرتے ہیں، یہ انتہائی تشویشناک، سنگین سیاسی غلطی اور غیر جمہوری اقدام ہے۔ عوام اپنے حقوق کے خلاف ایسے اقدامات کبھی قبول نہیں کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کا مینڈیٹ ان کا آئینی اور قانونی حق ہے۔ عوامی مینڈیٹ کو نظر انداز کرکے اور صوبائی خودمختاری کمزور کرکے امن قائم نہیں کیا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبے کے درمیان تصادم پیدا کرکے استحکام نہیں لایا جا سکتا۔ دہشت گردی کے خاتمے پر کوئی اختلاف نہیں، تاہم دہشت گردی کا مقابلہ قومی یکجہتی اور مشترکہ حکمتِ عملی سے ہی ممکن ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ صوبوں کو کمزور کرکے وفاق مضبوط نہیں ہو سکتا۔ مسائل کا حل طاقت، تصادم اور غیر معمولی اقدامات میں نہیں، بلکہ سیاسی بصیرت اور بامعنی مذاکرات میں ہے۔

