بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات کا آج سے آغاز

دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری، صوبائی وزراء کا دورہ ننکانہ صاحب انتظامات کا جائزہ لیا

صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق اور صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی زیر صدارت انتظامات بارے اجلاس منعقدہوا -اجلاس میں سیکرٹری محکمہ داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، کمشنر لاہور ڈویژن مریم خان اور آر پی او شیخوپورہ رینج اطہر اسماعیل نے شرکت کی-اجلاس میں ضلعی افسران اور امن کمیٹی کے ممبران سمیت سکھ رہنماؤں نے بھی شرکت کی –

ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈی پی او فراز احمد نے اجلاس کو انتظامات بارے بریفنگ دی – بریفنگ میں بتایاگیا کہ بابا گورونانک کی تقریبات 3 سے 6 نومبر تک جاری رہیں گی، تمام تر انتظامات مکمل ہیں -بریفنگ میں بتایاگیا کہ بابا گورو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں 5 ہزار سے زائد افسران و اہلکاران سکھ یاتریوں کی خدمت پر مامور ہونگے-سی سی ٹی وی کیمرے نصب اور 3 کنٹرول رومز قائم ہیں –

شہر بھر میں صفائی ستھرائی اور کھانے کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں -گوردوارہ جات میں ہسپتال سمیت فسیلیٹیشن ڈیسک بھی قائم کئے گئے ہیں -ننکانہ صاحب آنے والے سکھ یاتریوں کی رہائش اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں -گوردوارہ جات کو عرق گلاب سے صاف کیا جا رہا ہے-ننکانہ سٹی گیس اور بجلی لوڈشیڈنگ سے فری ہو گا، افسران و عملے کی چھٹیاں منسوخ ہیں –

صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑا نے کہاکہ موک ایکسر سائز کا انعقاد بھی کروایا جا چکا ہے-جنم دن کی تقریبات کا آغاز اکھنڈ پاٹ کی رسم سے ہو گا-5 نومبر کو جنم دن کی مرکزی تقریب گوردوارہ جنم استھان میں ہو گی، نگر کیرتن کا جلوس نکالا جائے گا-بھارت سے 21 سو سکھ یاتری بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کریں گے-

بھارت سے آنے والے سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان آئیں گے-30 ہزار کے قریب سکھ یاتری جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے ننکانہ صاحب آئیں گے- سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف اقلیتوں کے تمام ایونٹس میں خود جاتی ہیں -سکھ یاتریوں کو مقررہ کردہ نرخوں پر اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جائے-ٹریفک پلان پر خصوصی توجہ دی جائے-

صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب مریم کی ہدایت پر جنم دن کی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں -بابا گورونانک دیو جی کا ہر مذہب اور ہر مسلک عزت کرتا ہے-ننکانہ صاحب آنے کا مقصد سکھ قوم سے اظہار یکجہتی ہے-کھانے پینے کے وافر انتظامات ہونے چاہئیں اور سپلائی چین کو برقرار رکھا جائے-گوردوارہ جات میں فسیلیٹیشن کاونٹرز کی تعداد بڑھائی جائے-

صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ جنم دن کی تقریبات میں شرکت کرنے والے سکھ یاتریوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے-ڈیوٹی پر تعینات افسران و اہلکاران یاتریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں -لاہور اور فیصل آباد کے ہسپتالوں میں سکھ یاتریوں کے لئے خصوصی وارڈز قائم کروائی جائیں -صوبائی وزراء نے بہترین انتظامات پر ضلعی انتظامیہ کو شاباش دی-

اپنا تبصرہ لکھیں