بانی سے بات کیے بغیر انتظامی یونٹس کی بحث آگے نہیں بڑھ سکتی: سلمان اکرم راجا

کراچی (نمائندہ خصوصی) پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رائے لیے بغیر انتظامی یونٹس کے عمل میں شامل نہیں ہوں گے۔سلمان اکرم راجا نے کہا کہ پہلے بانی پی ٹی آئی کو مکالمے میں شامل کیا جائے، اس کے بعد انتظامی یونٹس سمیت دیگر معاملات پر بات ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سندھ کے عوام اور ان کے حقوق کے ساتھ کھڑی ہے اور سندھ کے عوام کے حقوق پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ فارم 47 کی بنیاد پر قائم اسمبلی کو تسلیم کرتے ہیں نہ 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کو، ان اسمبلیوں کو آئینی ترمیم کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔سلمان اکرم راجا نے مطالبہ کیا کہ پہلے شفاف انتخابات کرائے جائیں اور عوام کے حقیقی نمائندوں کو اسمبلیوں میں لایا جائے اس کے بعد آئینی و انتظامی معاملات پر بات کی جائے۔