برامپٹن: خودکار نمبر پلیٹ شناختی نظام، پارکنگ قوانین پر سختی کا فیصلہ

برامپٹن(نمائندہ خصوصی)سٹی آف برامپٹن نے پارکنگ قوانین پر مؤثر عمل درآمد، انتظامی کارکردگی بہتر بنانے اور شہری تحفظ کو مزید مضبوط کرنے کیلئے خودکار نمبر پلیٹ شناختی نظام میں نمایاں توسیع کر دی ہے، جس کے تحت مصنوعی ذہانت سے لیس سات گاڑیاں اب بائی لاز انفورسمنٹ ٹیم کے زیر استعمال ہوں گی۔

شہری انتظامیہ کے مطابق پارکنگ سے متعلق شکایات برامپٹن کے رہائشیوں کی جانب سے سب سے زیادہ موصول ہونے والی شکایات میں شامل ہیں، جہاں سروس برامپٹن کو ہر ہفتے پارکنگ سے متعلق 2300 سے زائد درخواستیں موصول ہوتی ہیں۔ شہر کی مسلسل بڑھتی آبادی کے پیش نظر انتظامیہ نے اضافی نفری، فعال گشت اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ان مسائل سے نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ منصوبہ پہلی بار 2019 میں صرف ایک انفورسمنٹ گاڑی کے ساتھ شروع کیا گیا تھا، تاہم 2026 کے بجٹ میں اضافی فنڈز کی منظوری کے بعد مزید چھ مصنوعی ذہانت سے لیس یونٹس شامل کیے گئے ہیں، جس کے بعد اس نظام کے تحت کام کرنے والی گاڑیوں کی مجموعی تعداد سات ہو گئی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جدید نظام خودکار طریقے سے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس اسکین کریگااور خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے کے نوٹس براہ راست رجسٹرڈ گاڑی مالکان کو ڈاک کے ذریعے ارسال کیے جائیں گے۔ اس طریقہ کار سے نہ صرف کارروائی کا عمل تیز ہوگا بلکہ افسران کو دیگر اہم حفاظتی امور پر زیادہ توجہ دینے کا موقع بھی ملے گا۔

شہری حکام کے مطابق اس ٹیکنالوجی کو رازداری کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے، جو صرف وہی معلومات محفوظ کرتی ہے جو ممکنہ خلاف ورزی کی نشاندہی اور جرمانہ جاری کرنے کیلئے ضروری ہوں جبکہ غیر ضروری تصاویر اور معلومات کو خودکار طور پر حذف کر دیا جاتا ہے۔

برامپٹن شہر کے مطابق بائی لاز انفورسمنٹ افسران چوبیس گھنٹے اور ہفتے کے ساتوں دن مختلف علاقوں میں گشت کرتے ہیں اور خاص طور پر ایسی خلاف ورزیوں کو ترجیح دیتے ہیں جو عوامی سلامتی کیلئے خطرہ بن سکتی ہیں، جیسے ہنگامی راستوں کی بندش یا امدادی گاڑیوں کی نقل و حرکت میں رکاوٹ۔

انتظامیہ نے یہ بھی بتایا کہ 311 سروس پر موصول ہونے والی شکایات کے اعداد و شمار کا تجزیہ کرکے ان محلوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے جہاں پارکنگ کے مسائل بار بار سامنے آتے ہیں، تاکہ وہاں نفری کو زیادہ مؤثر انداز میں تعینات کیا جا سکے اور خلاف ورزیوں کو سنگین صورتحال اختیار کرنے سے پہلے ہی روکا جا سکے۔

شہر کے 2026 کے بجٹ میں مزید 51 بائی لاز انفورسمنٹ افسران کی بھرتی کیلئے بھی فنڈز مختص کیے گئے ہیں، جن میں 12 افسران خصوصی طور پر پارکنگ اور ٹوئنگ قوانین پر عمل درآمد کیلئےتعینات کیے جائیں گے۔ انتظامیہ کے مطابق نئی بھرتیوں اور خودکار نمبر پلیٹ شناختی نظام کی توسیع سے شہر میں قانون پر عمل درآمد کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا اور سڑکوں کو محفوظ اور قابل رسائی رکھنے میں مدد ملے گی۔

برامپٹن کے میئر پیٹرک براؤن نے کہا کہ شہری محفوظ اور آسانی سے قابل استعمال سڑکوں کے حق دار ہیں اور اس منصوبے کے ذریعے واضح پیغام دیا جا رہا ہے کہ پارکنگ قوانین کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی افسران کو خلاف ورزیوں کی فوری نشاندہی اور ذمہ دار افراد کو جوابدہ بنانے میں مدد دے گی۔

علاقائی کونسلر رووینا سانتوس نے کہا کہ جب رہائشی اپنی ڈرائیو ویز تک رسائی حاصل نہ کر سکیں یا ہنگامی راستے بند ہو جائیں تو اس سے ان کی روزمرہ زندگی اور ذہنی سکون متاثر ہوتا ہے، اسلئےشہریوں کی شکایات کا سنجیدگی سے ازالہ کرنا ضروری ہے۔

علاقائی کونسلر مائیکل پالیسکی نے کہا کہ محفوظ کمیونٹی کی بنیاد صاف اور قابل رسائی سڑکیں ہیں، جبکہ جدید نمبر پلیٹ شناختی نظام افسران کو پارکنگ خلاف ورزیوں کے خلاف مؤثر کارروائی میں مزید معاون ثابت ہوگا۔

شہر کے انفورسمنٹ اور بائی لاز سروسز کے ڈائریکٹر رابرٹ ہگز نے کہا کہ افسران دن رات گشت کرتے ہیں اور جدید مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکنالوجی کی بدولت اب وہ انتظامی امور پر کم وقت صرف کرتے ہوئے زیادہ وقت عملی انفورسمنٹ اور شہری خدمت پر مرکوز رکھ سکیں گے۔