برامپٹن سپر لیگ کرکٹ (BSL) کے زیرِ اہتمام کرکٹ شوکیس کامیابی سےانعقاد

برامپٹن(نمائندہ خصوصی)برمپٹن سپر لیگ کرکٹ (BSL) نے کینیڈا سپر لیگ (CSL) کے اشتراک سے ٹرنر فینٹن کرکٹ گراؤنڈ میں منگل کی شب کرکٹ شوکیس کا کامیاب انعقاد کیا، جس میں اعلیٰ معیار کی کرکٹ، کمیونٹی روابط اور ممتاز عوامی نمائندوں کی شرکت نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔

تین سنسنی خیز اور مسابقتی میچز کھیلے گئے، جن میں مقامی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ شائقینِ کرکٹ نے دلچسپ مقابلوں کے ساتھ ساتھ براہِ راست انٹرویوز، میڈیا کوریج، فوٹوگرافی، کمیونٹی نیٹ ورکنگ اور پرجوش ماحول سے بھرپور شام کا لطف اٹھایا، جو برامپٹن میں ہونے والے کرکٹ شوکیس کو ایک منفرد شناخت دے رہی ہے۔

اس موقع پر متعدد منتخب عوامی نمائندوں اور کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کی، جن میں رکنِ پارلیمنٹ سونیا سدھو، ڈپٹی میئر ہرکیرت سنگھ،ریجنل کونسلر پال ویسنٹے،ریجنل کونسلر ڈینس کینن اور ریجنل کونسلر نوجیت کور برارشامل ہیں.

کمیونٹی رہنما، اسپانسرز، رضاکار، میڈیا نمائندگان اور گریٹر ٹورنٹو ایریا (GTA) سے تعلق رکھنے والے کرکٹ شائقین کی شرکت نے اس امر کو اجاگر کیا کہ کرکٹ برامپٹن میں کمیونٹی روابط، کثیرالثقافتی ہم آہنگی، نوجوانوں کی ترقی اور اسپورٹس ٹورازم کے فروغ کا ایک اہم ذریعہ بنتی جا رہی ہے۔

برامپٹن سپر لیگ کرکٹ اور کینیڈا سپر لیگ کے بانی محمد شعیب نے کہا”ہمارا وژن صرف ایک کرکٹ لیگ قائم کرنا نہیں بلکہ ایسا پلیٹ فارم تشکیل دینا ہے جو مختلف کمیونٹیز کو آپس میں جوڑے، صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دے، مقامی کاروباروں کی حمایت کرے اور برامپٹن کو کینیڈا کے نمایاں کرکٹ مراکز میں شامل کرے۔ ہم اپنے تمام معزز مہمانوں، کھلاڑیوں، رضاکاروں، اسپانسرز، میڈیا پارٹنرز اور سپورٹرز کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں جنہوں نے کرکٹ شوکیس کو ایک اور شاندار کامیاب بنایا۔”

برامپٹن سپر لیگ کرکٹ (BSL) اور کینیڈا سپر لیگ (CSL) مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کمیونٹی تنظیموں، کاروباری اداروں اور عوامی اداروں کے ساتھ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پُرعزم ہیں۔ دونوں لیگز پیشہ ورانہ انداز میں کرکٹ مقابلوں کے انعقاد کے ذریعے تنوع، شمولیت اور کھیلوں میں اعلیٰ معیار کو فروغ دیتی رہیں گی۔

منتظمین نے تمام شریک ٹیموں، اسپانسرز، رضاکاروں، میڈیا پارٹنرز اور تقریب میں شرکت کرکے اسے کامیاب بنانے والے تمام افراد کا دلی شکریہ ادا کیا۔