برامپٹن (نمائندہ خصوصی) اکتوبر کے دوران اسلامی تاریخ کے مہینے کے موقع پر مسلم تاریخ، ثقافت اور روایات کو اجاگر کرنے کیلئے مختلف تقریبات کا انعقاد کریگا، جبکہ ایسٹ بورن پارک کو کالیر خاندان کے نام سے منسوب کرنے کی تقریب بھی منعقد کی جائیگی۔
سٹی آف برامپٹن کے مطابق اسلامی تاریخ کے مہینے کے سلسلے میں مقامی اور قومی مسلم تنظیموں کے اشتراک سے مساجد کے کھلے گھر، کمیونٹی تقریبات، ثقافتی سرگرمیوں اور دیگر پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔
اسلامی تاریخ کے مہینے کے آغاز پر پرچم کشائی کی تقریب 2 اکتوبر کو شام 6 بجے برامپٹن سٹی ہال کے کین وھیلنس اسکوائر میں ہوگی۔
16 اکتوبر کو شام ساڑھے 5 بجے ایسٹ بورن پارک کو باضابطہ طور پر کالیر فیملی پارک کا نام دیا جائے گا۔ یہ نام محمد نواز کالیر اور محمد اسلم کالیر کی خدمات کے اعتراف میں رکھا جا رہا ہے۔
سٹی آف برامپٹن کے مطابق محمد نواز کالیر اور محمد اسلم کالیر 1967 میں پنجاب، پاکستان سے کینیڈا منتقل ہوئے اور 50 سال سے زائد عرصے تک برامپٹن میں مقیم رہے۔ دونوں بھائیوں نے 1977 میں برامپٹن کی پہلی مسجد جامع مکی مسجد کے قیام میں بھی کردار ادا کیا۔ پارک کا نام تبدیل کرنے کا مقصد ان کی دینی، تعلیمی، سماجی اور کمیونٹی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔
برامپٹن میں مساجد کے کھلے گھر بھی منعقد ہوں گے۔ 17 اکتوبر کو دوپہر 12 سے شام 6 بجے تک برامالیا اسلامک اینڈ کلچرل سینٹر، 18 اکتوبر کو دوپہر 12 سے شام 6 بجے تک مبارک مسجد، اسی روز دوپہر 2 سے شام 6 بجے تک جامعۃ الانصار، 24 اکتوبر کو شام 7 سے رات 9 بجے تک اسلامک فورم، 26 اکتوبر کو شام 5 سے ساڑھے 6 بجے تک برامپٹن اسلامک سینٹر جبکہ 29 اکتوبر کو شام 5 سے رات 8 بجے تک مسجد السلام میں کھلے گھر منعقد ہوں گے۔
اسلامی تاریخ کے مہینے کی اختتامی کمیونٹی تقریب 30 اکتوبر کو شام 6 سے رات 9 بجے تک برامپٹن سٹی ہال کے ایٹریئم اور کنزرویٹری میں ہوگی۔ تقریب میں اسلامی فن، تاریخ اور ثقافت کو اجاگر کیا جائے گا، جس میں عمر الدین عربی خطاطی، صفورا زاہدی اسلامی جیومیٹری اور فن کے حوالے سے پروگرام پیش کریں گی، جبکہ مسلم میڈیا ہب کی جانب سے متحرک پیشکش بھی شامل ہوگی۔
تقریب میں اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکا کینیڈا کی سفری نمائش کا تعارف اور برامپٹن اسلامک سینٹر کے نوجوانوں کے منصوبوں کو بھی سراہا جائے گا۔ تقریب کے دروازے شام ساڑھے 5 بجے کھولے جائیں گے جبکہ جگہ محدود ہونے کی اطلاع دی گئی ہے۔
سٹی آف برامپٹن کے مطابق شہر میں 70 ہزار سے زائد مسلمان اور 25 مساجد و مصلیٰ موجود ہیں۔ ہر سال اکتوبر میں منایا جانے والا اسلامی تاریخ کا مہینہ مسلم ورثے کو اجاگر کرنے، باہمی تفہیم بڑھانے اور اسلاموفوبیا، مسلمانوں سے نفرت، نسل پرستی اور امتیازی سلوک کے خلاف آگاہی پیدا کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
برامپٹن کے میئر پیٹرک براؤن نے کہا کہ اسلامی تاریخ کا مہینہ ان تاریخوں، روایات اور ان لوگوں کو تسلیم کرنے کا موقع ہے جنہوں نے نسلوں سے برامپٹن کی تشکیل میں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر اس سال کالیر خاندان اور محمد نواز کالیر اور محمد اسلم کالیر کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے پر فخر محسوس کرتا ہے۔
پیٹرک براؤن نے کہا کہ دونوں بھائیوں کے ایمان، قیادت اور خدمت نے برامپٹن کی مسلم کمیونٹی کے لیے اہم بنیادیں قائم کرنے میں کردار ادا کیا، اور انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اکتوبر کے دوران ہونے والی تقریبات میں شرکت کریں، اپنے ہمسایوں سے رابطہ کریں اور ان لوگوں اور کہانیوں کے بارے میں جانیں جو برامپٹن کو متنوع شہر بناتے ہیں۔

