بلوچستان(آئی ایس پی آر)سیکیورٹی فورسز نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے 36 دہشت گرد جہنم واصل کردیے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے اعلامیے کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 24 گھنٹوں کے دوران ضلع مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں انٹیلی جنس بنیادوں پر متعدد کارروائیاں کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں جاری بھرپور کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے 36 دہشت گرد جہنم واصل کیے گئے۔
اعلامیے کے مطابق مستونگ میں آپریشن کے دوران بھارتی اسپانسرڈ 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے برآمد گولہ بارود اور دیسی ساختہ بم موقع پر ہی تباہ کردیے گئے۔کوئٹہ کے علاقے شعبان میں فتنہ الخوارج کے 4 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے دوران 26 خوارج ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق قلات میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا گیا، جہاں 2 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔اعلامیے کے مطابق سبی کے علاقے بھاگ میں بھارتی اسپانسرڈ 2 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق 72 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے 48 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔اعلامیے کے مطابق 2026 میں بلوچستان میں آپریشنز کے دوران 1,188 سے زائد دہشت گرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔

