ڈھاکا/کاکس بازار (رائٹرز/اے ایف پی/یو این ایچ سی آر) بنگلادیش کے جنوب مشرقی ضلع کاکس بازار میں قائم روہنگیا مہاجر کیمپ میں شدید مون سون بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ سے مدرسے پر مٹی کا تودہ گرنے کے نتیجے میں 8 بچے جاں بحق جبکہ 5 دیگر زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کاکس بازار کے روہنگیا مہاجر کیمپ میں اس وقت پیش آیا جب مسلسل بارشوں کے باعث پہاڑی ڈھلوان کا بڑا حصہ کھسک کر ایک مدرسے پر آ گرا، جہاں بچے موجود تھے۔
ریسکیو حکام نے ملبے تلے دبے بچوں کو نکال کر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا، تاہم 8 بچوں کی جان نہ بچائی جا سکی، جبکہ زخمی ہونے والے 5 بچوں کا علاج مہاجر کیمپوں کے طبی مراکز میں جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ مون سون بارشوں کے دوران لینڈ سلائیڈنگ، درخت گرنے اور دیگر حادثات میں متعدد روہنگیا مہاجر جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ کیمپوں میں رہنے والے بیشتر افراد بانس اور ترپال سے بنائی گئی عارضی پناہ گاہوں میں مقیم ہیں، جو شدید بارشوں کے دوران لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے خطرات سے دوچار رہتی ہیں۔
بنگلادیشی حکام اور امدادی اداروں نے خطرناک مقامات پر رہنے والے خاندانوں کی محفوظ علاقوں میں منتقلی کا عمل تیز کر دیا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران مزید شدید بارش، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
واضح رہے کہ 2017 میں میانمار کی راکھین ریاست میں فوجی کریک ڈاؤن کے بعد لاکھوں روہنگیا مسلمان جان بچانے کیلئے بنگلادیش منتقل ہوئے تھے۔ اس وقت کاکس بازار کے مختلف مہاجر کیمپوں میں تقریباً 12 لاکھ روہنگیا مہاجر مقیم ہیں جہاں ہر سال مون سون کے موسم میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔

