بھارتی ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘لکھنے کی پیشکش ہوئی تھی: خلیل الرحمٰن قمر

لاہور (شوبز ڈیسک)معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بھارتی ویب سیریز ہیرا منڈی کا اسکرپٹ لکھنے کی پیشکش کی گئی تھی۔ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ ابتدائی طور پر ایک فلم کے طور پر تیار کیا جا رہا تھا اور اس کا نام “منڈی” رکھا گیا تھا۔

خلیل الرحمٰن قمر کے مطابق بھارت میں اس موضوع پر طویل عرصے سے بات چیت جاری تھی اور انہیں بھی اس پراجیکٹ سے متعلق کالز موصول ہوئیں، تاہم ابتدائی طور پر انہوں نے حب الوطنی کے جذبے کے تحت اس پیشکش کو قبول نہیں کیا۔

انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں انہوں نے یہ شرط رکھی کہ پاکستانی لکھاریوں کو بھی وہی عزت دی جائے جو بھارتی فنکاروں کو پاکستان میں ملتی ہے، اور اگر ایسا ممکن ہو تو وہ بغیر معاوضے کے بھی اسکرپٹ لکھنے کیلئے تیار تھے۔

ان کے مطابق انہوں نے 2015 میں بھی اس پیشکش کو مسترد کیا اور واضح کیا کہ وہ اس وقت بھارت میں کام نہیں کریں گے۔پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران خلیل الرحمٰن قمر نے اپنی نجی زندگی کے حوالے سے بھی بات کی اور والدین سے تعلق، بچپن اور ذاتی مشکلات کا ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ کم عمری میں لکھنے کا آغاز کیا، والد کی سختی بھی برداشت کی اور والدہ کی بیماری اور بعد ازاں وفات نے ان کی زندگی پر گہرا اثر ڈالا۔