کولکتہ (بھارتی میڈیا) بھارتی کرکٹر اور انڈین پریمیئر لیگ میں دہلی کیپیٹلز کی نمائندگی کرنے والے ابھشیک پورل کو ایک میڈیکل طالبہ کی شکایت پر زیادتی، مجرمانہ دھمکیوں اور دیگر سنگین الزامات کے مقدمے میں گرفتار کرلیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے ابھشیک پورل کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔ یہ مقدمہ رواں سال جون میں ایک میڈیکل طالبہ کی شکایت پر درج کیا گیا تھا۔
شکایت کنندہ خاتون کا الزام ہے کہ وہ گزشتہ 3 سال سے ابھشیک پورل کے ساتھ تعلقات میں تھیں۔ خاتون کے مطابق کرکٹر نے ان سے شادی کا وعدہ کیا اور اسی وعدے کی بنیاد پر ان کے ساتھ جنسی تعلق قائم کیا، تاہم بعد میں شادی سے انکار کرتے ہوئے ان سے دوری اختیار کرنا شروع کردی۔
خاتون نے الزام عائد کیا کہ ابھشیک پورل نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور مجرمانہ دھمکیاں بھی دیں۔ پولیس نے شکایت موصول ہونے کے بعد معاملے کی تحقیقات شروع کردی تھیں۔
بعد ازاں کلکتہ ہائی کورٹ نے پولیس کو مقدمے میں ابھشیک پورل کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کرکٹر کو حراست میں لے لیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ابھشیک پورل ماضی میں ان الزامات کی تردید کرچکے ہیں۔
27 سالہ بائیں ہاتھ کے بلے باز ابھشیک پورل نے 2023ء سے دہلی کیپیٹلز کی جانب سے انڈین پریمیئر لیگ میں شرکت کی۔ گزشتہ سیزن میں انہوں نے دہلی کیپیٹلز کی جانب سے 4 اننگز میں 108 رنز بنائے۔خاتون کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات تاحال عدالت میں ثابت نہیں ہوئے اور مقدمے کی تحقیقات جاری ہیں۔

