بیلجیئم میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمات پر راویل امجد علی کو خصوصی شیلڈ پیش

اینٹورپن، بیلجیئم (فہیم النبی سے) بیلجیئم میں پاکستانی کمیونٹی کیلئےخدمات انجام دینے والے کونسلر ڈسٹرکٹ اینٹورپن راویل امجد علی سے وزیر مملکت برائے قانون و انصاف اور رکن قومی اسمبلی بیرسٹر عقیل ملک نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران بیلجیئم میں پاکستانی کمیونٹی، باہمی روابط اور کمیونٹی کی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر بیرسٹر عقیل ملک نے بیلجیئم میں پاکستانی کمیونٹی کیلئے راویل امجد علی کی خدمات کو سراہا اور انہیں خصوصی شیلڈ پیش کی۔بیرسٹر عقیل ملک نے پاکستانی کمیونٹی کے درمیان روابط کے فروغ اور بیلجیئم میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کیلئےراویل امجد علی کی کوششوں کو بھی سراہا۔

راویل امجد علی نے خدمات کے اعتراف اور خصوصی شیلڈ پیش کرنے پر بیرسٹر عقیل ملک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کی خدمت اور پاکستان اور یورپی ممالک کے درمیان مضبوط روابط کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھنا ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔