تاشقند (میڈیا رپورٹس)ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف نے سینئر صحافی، مصنف اور معروف کاروباری شخصیت محمد عباس خان کو ملک کے اعلیٰ ترین صدارتی اعزاز “محنت و شہرت کی مثال” سے نواز دیا، جس کے ساتھ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے اور واحد پاکستانی بن گئے ہیں۔
محمد عباس خان کو یہ اعزاز ازبکستان میں گزشتہ 45 برسوں کے دوران اردو زبان و ادب، صحافت، کاروباری میدان اور پاکستان و ازبکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔

محمد عباس خان اب تک دس کتابوں کے مصنف ہیں جن میں ان کی تازہ تصنیف “ازبکستان: تیسری نشاۃ ثانیہ، مستقبل کا تصور” کو بین الاقوامی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔ مبصرین کے مطابق یہ کتاب ازبکستان کی ترقی، اصلاحات اور مستقبل کے وژن کو اجاگر کرنے والی اہم تصنیف سمجھی جاتی ہے اور اسی سمیت ان کی دیگر علمی و ادبی خدمات صدارتی اعزاز کے حصول کا سبب بنیں۔
اس تاریخی کامیابی پروزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف نے محمد عباس خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی و ثقافتی روابط کے فروغ میں ان کے کردار کو قابلِ قدر قرار دیا۔
صدارتی اعزاز حاصل کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عباس خان نے اس اعزاز کو پاکستان اور ازبکستان کے عوام کے درمیان محبت، دوستی اور ثقافتی تعلقات کیلئےایک اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ بھی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔

