تہران (پاکستانی سفارتخانہ) ایرانولوجی فاؤنڈیشن تہران میں عالمی یومِ امن کے حوالے سےتقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی سفیر عمران احمد صدیقی کو خطاب کیلئے مدعو کیا گیا۔
اپنے خطاب میں سفیر عمران احمد صدیقی نے کہا کہ پائیدار امن محض تشدد کے خاتمے کا نام نہیں بلکہ اس کی بنیاد انصاف، وقار اور باہمی احترام پر قائم ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشروں کو اختلافات کو انسانیت کے تقاضوں کے مطابق حل کرنا سیکھنا ہوگا، جبکہ تنازعات کے دوران شہریوں کا تحفظ اور بین الاقوامی انسانی قانون کا احترام بھی ضروری ہے۔

سفیر عمران احمد صدیقی نے عالمی سلامتی کے باہمی تعلق پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تنازعات کے اثرات وسیع پیمانے پر مرتب ہوسکتے ہیں، جن میں لوگوں کی نقل مکانی، معاشی خلل اور عدم استحکام شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات، روابط اور سفارت کاری اختلافات کے باوجود رابطے کے دروازے کھلے رکھنے، حل کے لیے گنجائش پیدا کرنے اور اعتماد سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔جنوبی ایشیا کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستانی سفیر نے دیرینہ تنازعات کے جلد اور پرامن حل کی امید ظاہر کی۔
انہوں نے ایسی تعلیم کے فروغ پر زور دیا جو خوف کے بجائے باہمی تفہیم کو فروغ دے، جبکہ سماجی ذرائع ابلاغ کے ذمہ دارانہ استعمال اور مختلف نقطہ ہائے نظر کیلئےزیادہ کشادگی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔سفیر عمران احمد صدیقی نے کہا کہ بامعنی تبدیلی کا آغاز انفرادی سطح پر روزمرہ زندگی میں کیے جانے والے فیصلوں سے ہوتا ہے۔

