تہران میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا گیا

تہران (سفارت پاکستان) پاکستان کا 79واں یومِ آزادی تہران میں قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، اس سلسلے میں پاکستان ہاؤس تہران میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں تہران میں مقیم پاکستانی برادری نے شرکت کی۔

تقریب میں قومی ترانے کی دھن پر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرایا گیا۔ ایران میں پاکستان کے سفیر عمران احمد صدیقی نے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے یومِ آزادی کے موقع پر جاری پیغامات پڑھ کر سنائے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر عمران احمد صدیقی نے پاکستانی برادری کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی اور تقریبات میں بھرپور شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایران میں پاکستانی برادری کے سماجی و اقتصادی شعبوں میں کردار اور دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کے فروغ کیلئےان کی کاوشوں کو سراہا۔

سفیر نے کہا کہ دونوں حکومتوں نے باہمی تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا عزم کر رکھا ہے، جس میں پاکستانی برادری ایک اہم شراکت دار ہے۔

اس موقع پر پاکستان ایمبیسی انٹرنیشنل اسکول اینڈ کالج تہران کے بچوں نے ملی نغمہ پیش کیا۔ وطن عزیز کے حصول کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کیلئے اجتماعی دعا بھی کی گئی۔تقریب کے اختتام پر یومِ آزادی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔