جرمن ایئر لائن نے ریاض کیلئے پروازیں 16 اکتوبر تک معطل کردیں

ریاض(رائٹرز) جرمن ایئر لائن لفتھانزا نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر سعودی دارالحکومت ریاض کیلئےاپنی پروازیں 16 اکتوبر تک معطل کردی ہیں۔

لفتھانزا کے ترجمان کے مطابق ریاض کیلئے پروازوں کی معطلی کا فیصلہ مشرقِ وسطیٰ میں ہونے والی حالیہ پیش رفت کے باعث کیا گیا ہے۔

رائٹرز کے مطابق یمن کے حوثیوں کی جانب سے ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بیلسٹک میزائل حملے کا دعویٰ کیے جانے کے بعد کئی فضائی کمپنیوں نے ریاض کے لیے اپنی پروازیں معطل کی ہیں۔ سعودی حکام نے میزائل حملے کی براہِ راست تصدیق نہیں کی، تاہم سعودی قیادت میں اتحاد نے ریاض کے اوپر دو میزائلوں کو روکنے کا دعویٰ کیا ہے۔

دوسری جانب بھارتی فضائی کمپنیوں ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس نے ریاض کے لیے پروازیں 10 اکتوبر تک، جبکہ انڈی گو نے 9 اکتوبر تک معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اکاسا ایئر نے بھی ریاض کے لیے دو پروازیں منسوخ کردی ہیں۔

رائٹرز کے مطابق ریاض جانے والی درجنوں بین الاقوامی پروازیں بھی منسوخ کی گئی ہیں۔