جرمنی، کینیڈا، چین اور تاجکستان کی پاکستان فٹبال فیڈریشن کو معاونت کی پیشکش

اوٹاوا(فیفا، رائٹرز، اے ایف پی)کینیڈا میں فیفا کانگریس کے موقع پر پاکستان فٹبال فیڈریشن کے وفد نے مختلف ممالک کی فٹبال فیڈریشنز سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں کوچنگ، ویمنز فٹبال اور دیگر شعبوں میں تعاون کی پیشکش کی گئی۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر محسن گیلانی نے جرمن فٹبال فیڈریشن کے صدر سے ملاقات کی، جس میں جرمنی کی جانب سے کوچنگ ایجوکیشن اور ویمنز فٹبال کے فروغ کیلئے مکمل معاونت کی پیشکش کی گئی۔

اس کے علاوہ کینیڈا ساکر کے ساتھ گراس روٹس فٹبال اور کوچنگ کورسز پر تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان نمائشی میچز کے انعقاد پر بھی گفتگو ہوئی۔

دریں اثنا چین فٹبال ایسوسی ایشن نے پاکستان کو فٹسال ٹریننگ میں تعاون کی پیشکش کی، اس موقع پر پاکستان اور چین کے تعلقات کو “آئرن برادرز” قرار دیا گیا۔

پی ایف ایف وفد نے تاجکستان فٹبال فیڈریشن کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی، جس میں تاجکستان نے پاکستانی ریفریز اور گول کیپرز کی تربیت میں مدد کی پیشکش کی، جبکہ ویمنز فٹبال کی ترقی کیلئےمختلف فیڈریشنز کے ساتھ تعاون پر اتفاق کیا گیا۔