جشنِ آزادی پر ملک بھر میں شاندار آتشبازی، ملی نغموں کی بہار

اسلام آباد (ایجنسیاں) جشنِ آزادی پر اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، ملتان سمیت ملک بھر میں شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا، مختلف شہروں میں ولولہ انگیز تقریبات منعقد ہوئیں جبکہ ملی نغموں سے فضا گونجتی رہی۔

اسلام آباد میں یادگارِ فتح کی شاندار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکت کی اور قومی پرچم لہرایا۔ تقریب میں سروسز چیفس، وفاقی وزرا اور غیر ملکی سفارتکار بھی موجود تھے۔

جشنِ آزادی کے موقع پر شہریوں نے اپنے گھروں، گلیوں اور بازاروں کو سبز ہلالی پرچموں، جھنڈیوں اور رنگ برنگی روشنیوں سے سجا دیا، جبکہ ملک بھر میں قومی پرچموں کی بہار نظر آئی۔

وطن سے محبت کے اظہار کیلئےشہریوں نے قومی پرچموں کے رنگوں کے ملبوسات زیب تن کیے اور مختلف مقامات پر جشنِ آزادی کی تقریبات میں شرکت کی۔کراچی میں جشنِ آزادی کے موقع پر شہر بھر میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جبکہ رنگ برنگی روشنیوں اور قومی پرچموں سے شہر کی رونق دوبالا ہوگئی۔

اسلام آباد میں بھی مختلف مقامات پر جشنِ آزادی کی تقریبات منعقد ہوئیں اور شہر رنگوں کی روشنیوں سے جگمگا اٹھا، جبکہ لاہور کی گلیاں اور شاہراہیں سبز ہلالی پرچموں اور جھنڈیوں سے سجائی گئیں۔چودہ اگست کے موقع پر خصوصی آزادی سفاری ٹرین کراچی سے روانہ ہوکر چھور پہنچ گئی، جس میں شہریوں نے خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔

پنجاب حکومت کے زیرِ اہتمام جشنِ آزادی کی تقریب میں معروف گلوکاروں نے ملی نغمے پیش کیے، جبکہ کوئٹہ، پشاور، ملتان اور دیگر شہروں میں بھی مختلف تقریبات، آتشبازی اور ملی نغموں کے پروگرام منعقد کیے گئے۔ملک بھر میں شہریوں نے جشنِ آزادی کے موقع پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئےدعائیں کیں اور قومی یکجہتی کے عزم کا اظہار کیا۔