جوہانسبرگ (خبر ایجنسیاں) جنوبی افریقہ میں چند گھنٹوں کے دوران فائرنگ کے 2 الگ واقعات میں 27 افراد ہلاک اور 26 زخمی ہوگئے، پولیس نے دونوں واقعات میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کردی۔
حکام کے مطابق جوہانسبرگ اور کیپ ٹاؤن کے قریب پیش آنے والے فائرنگ کے واقعات کی وجوہات جاننے کیلئےتحقیقات جاری ہیں، ابتدائی تحقیقات میں ایک واقعے کا تعلق غیرقانونی کان کنی میں ملوث گروہوں کے درمیان علاقے کی لڑائی جبکہ دوسرے کا تعلق کاروباری رقابت سے جوڑا جارہا ہے۔
جوہانسبرگ سے تقریباً 80 کلومیٹر دور ویڈیلا ٹاؤن شپ میں ہفتے کی شام مسلح افراد نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق حملہ آوروں کے پاس اے کے 47 رائفلیں تھیں۔ صدر سیرل رامافوسا نے بتایا کہ پولیس کے پاس مشتبہ حملہ آوروں کی تصاویر موجود ہیں اور انہیں تلاش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
صوبائی پولیس کمشنر ٹومی متھومبینی کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں غیرقانونی سونے کی کان کنی میں ملوث گروہوں کے درمیان علاقے کی لڑائی کو بھی واقعے کی ممکنہ وجہ کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔پولیس کے مطابق اسی مقام پر تقریباً ایک ماہ قبل بھی فائرنگ ہوئی تھی، جس کے بدلے میں حالیہ حملہ کیے جانے کا امکان بھی زیرِ تفتیش ہے۔
دوسرے واقعے میں کیپ ٹاؤن کے مضافاتی علاقے لونڈلے میں اتوار کی صبح تقریباً 2 بجے مسلح افراد نے ایک تفریحی مقام پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے۔
عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے وقت لوگ گانے اور رقص میں مصروف تھے کہ اچانک گولیوں کی آوازیں سنائی دیں، جس پر لوگ جان بچانے کیلئےزمین پر لیٹ گئے۔پولیس حکام نے ابتدائی طور پر کاروباری رقابت کو دوسرے واقعے کی ممکنہ وجہ قرار دیا ہے۔پولیس کے مطابق دونوں واقعات میں تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

