جیٹ فیول کی قیمت میں پھر اضافہ، ہوائی کرایوں میں اضافے کا امکان

کراچی(ایجنسیاں)حکومت نے کمرشل پروازوں میں استعمال ہونے والے جیٹ فیول کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق جیٹ فیول کی قیمت میں 53 روپے 11 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت بڑھ کر 441 روپے 66 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔جیٹ فیول مہنگا ہونے سے ایئرلائنز کے آپریشنل اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوگا، جس سے ہوائی کرایوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق ایئر بس اور بوئنگ طرز کے تمام مسافر طیاروں میں بطور ایندھن جیٹ فیول ہی استعمال کیا جاتا ہے، اس لیے اس کی قیمت میں اضافہ براہ راست ایئر ٹریول پر اثر انداز ہوتا ہے۔ایوی ایشن سیکٹر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر قیمتوں میں یہ رجحان جاری رہا تو آئندہ دنوں میں ملکی و بین الاقوامی پروازوں کے کرایوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔