حسینؑ فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام برامپٹن سٹی ہال میں پرچمِ امام حسینؑ کی تقریب

برامپٹن(نمائندہ خصوصی)حسینؑ فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام برامپٹن سٹی ہال میں سالانہ پرچمِ امام حسینؑ کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں منتخب عوامی نمائندوں، مختلف مذاہب کے رہنماؤں، کمیونٹی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں امام حسینؑ کی قربانی اور ان کے آفاقی پیغامِ انصاف، امن، اتحاد، ہمدردی اور ظلم کے خلاف استقامت کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

تقریب کا آغاز نازیہ میسم کی استقبالیہ گفتگو سے ہوا، جس کے بعد کینیڈا کا قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ محمد افضل سہیل نے تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت حاصل کی جبکہ عالمی شہرت یافتہ محسن شوکت علی نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی۔ عباس اکبری اور معروف شاعر سید ظفر عباس ظفر نے منقبت پیش کر کے حاضرین سے داد وصول کی۔

تقریب میں مختلف مذاہب اور مکاتبِ فکر کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا، جن میں وشال کھنہ، ڈاکٹر پرگت سنگھ بھگا، بھنتے سرن پالا، عبداللہ راجہ اور مولانا سید امین جعفری شامل تھے۔ مقررین نے بین المذاہب ہم آہنگی، سماجی اتحاد اور باہمی احترام کے فروغ پر زور دیا۔

معروف فلم ہدایتکار فہیم علی نے تقریب کے دوران اپنی نئی فلم “کربلا کالنگ” کا اعلان بھی کیا، جو واقعۂ کربلا کے ابدی پیغام پر مبنی ہے۔

اس موقع پر اونٹاریو کی صوبائی پارلیمنٹ کے ارکان دیپک آنند اور امرجوت سندھو نے بھی خطاب کرتے ہوئے تنوع، شمولیت اور کمیونٹی ہم آہنگی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

حسینؑ فاؤنڈیشن کے بانی و صدر سید میسم رضا نے اپنے خطاب میں امام حسینؑ کی لازوال قربانی کو انسانیت کیلئے مشعلِ راہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا پیغام حق، عدل، امن اور بین المذاہب رواداری کے فروغ کا درس دیتا ہے۔

تقریب سے برامپٹن کے میئر پیٹرک براؤن نے بھی خطاب کیا اور مسلم کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ امام حسینؑ کی تعلیمات آج بھی امن، انصاف اور انسانی وقار کے فروغ کیلئےرہنمائی فراہم کرتی ہیں۔

رسمی تقریب کے اختتام پر پرچمِ امام حسینؑ لہرایا گیا، جو شجاعت، قربانی، سچائی اور انسانی عظمت کی دائمی اقدار کی علامت ہے۔ اس موقع پر امامِ زمانہ سینٹر کی جانب سے سبیلِ امام حسینؑ کا بھی اہتمام کیا گیا، جہاں شرکاء کی چائے، مشروبات اور دیگر ریفریشمنٹس سے تواضع کی گئی۔

حسینؑ فاؤنڈیشن نے تقریب کی کامیابی پر تمام مہمانوں، رضاکاروں، کمیونٹی شراکت داروں اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ آئندہ بھی امام حسینؑ کی تعلیمات کی روشنی میں امن، خدمتِ انسانیت اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گا۔