حکومت اور پی ٹی آئی مذاکرات میں کوئی فیصلہ نہ ہوسکا، کل دوبارہ بات چیت ہوگی: رانا ثناء اللہ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ آج ہونے والے مذاکرات میں فریقین نے اپنا اپنا مؤقف پیش کیا، تاہم بات چیت میں کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان کل دوبارہ مذاکرات ہوں گے، ابھی مذاکرات میں پیش رفت کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتے۔

حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان آج ہونے والے مذاکرات ختم ہونے کے بعد وزیر داخلہ محسن نقوی اور رانا ثناء اللہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا، جبکہ اپوزیشن قیادت نے مذاکرات سے متعلق بریفنگ دینے کیلئے محمود خان اچکزئی کی رہائش گاہ کا رخ کیا۔