حکومت کو ووٹوں کے بعد عدلیہ کا احترام بھی نہیں رہا:یاسمین راشد

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینئر رہنما اور کوٹ لکھپت جیل میں قید ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ حکومت کو ووٹوں کا احترام نہیں تھا، اب یہ بھی ثابت ہوگیا کہ اسے عدلیہ کا احترام بھی نہیں رہا، حکومت نے سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کی ہے۔

وکیل کے ذریعے جاری بیان میں یاسمین راشد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ حکومت کے رویے کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت بانی پی ٹی آئی اور عوام میں ان کی مقبولیت سے خوفزدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2019ء میں جب نواز شریف سروسز اسپتال میں داخل ہوئے تو 18 گھنٹے کے اندر میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا تھا، جس میں ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی شامل تھے، جبکہ نواز شریف کی بیماری کی تشخیص بھی 24 گھنٹے کے اندر ہوگئی تھی۔

یاسمین راشد نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے نواز شریف کو علاج کے لیے برطانیہ جانے کی اجازت دی، جبکہ نواز شریف کو شہباز شریف کے دستخط شدہ 50 روپے کے اسٹامپ پیپر پر بیرون ملک بھیجا گیا اور پنجاب کابینہ نے بھی انہیں علاج کے لیے برطانیہ جانے کی اجازت دی۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر وہ یہی بیان سپریم کورٹ میں حلف کے ساتھ دینے کیلئے تیار ہیں۔ بانی پی ٹی آئی میں نواز شریف کو علاج کیلئےبیرون ملک بھیجنے کا اخلاقی حوصلہ تھا۔یاسمین راشد نے کہا کہ حکومت کو عوام کے ووٹوں کا احترام نہیں تھا اور اب اس کا عدلیہ کے حوالے سے رویہ بھی واضح ہوگیا ہے۔