ہیٹ ٹرک کا خواب ادھورا رہ گیا، حیدرآباد کنگز مین نے پنڈیز کو ہرا کر کوالیفائی کرلیا،
پلے آف کی لائن اپ مکمل ملتان، اسلام آباد، پشاور اور حیدرآباد میں مقابلہ ہوگا
ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 میں حیدرآباد کنگز مین راولپنڈیز کو 108 رنز سے ہرا کر پلے آف مرحلے میں پہنچ گئی۔ نیشنل بینک سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں راولپنڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ حیدر آباد کنگز مین نے پہلےکھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 244 رنز بنائے۔ حیدرآباد کی جانب سے گلین میکسویل نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 37 گیندوں پر 70 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ عثمان خان 54 اور کوشل پریرا 50 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

245 رنز کے ہدف کے تعاقب میں راولپنڈیز 17.1 اوورز میں 136 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔راولپنڈیز کی جانب سے عثمان خواجہ نے بھرپور مزاحمت کی، وہ 66 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے لیکن ان کا ساتھ کوئی نہ دے سکا اور راولپنڈیز کی وکٹیں پتوں کی طرح گرتی رہیں۔ حیدر آباد کنگز مین کی جانب سے حنین شاہ نے 4 اور عاکف جاوید نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔یاد رہےکہ 245 رنز کے ہدف کے جواب میں راولپنڈیز 136 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، حیدرآباد کنگزمین کو پلے آف تک رسائی کے لیے راولپنڈیز کو 158 رنز تک روکنا تھا۔حیدر آباد کنگز مین کے پلے آف میں پہنچنے کے باعث دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز ایونٹ سے باہر ہوگئی جبکہ کراچی کنگز کا بستر پہلے ہی گول ہوچکا تھا۔

