خوش قسمت ہوں کہ شوہر گھر کے سارے کام سنبھالتے ہیں: شریا گھوشال

ممبئی(کلچرل ڈیسک) بھارتی گلوکارہ شریا گھوشال نے اپنے شوہر شیلادتیہ مکھوپادھیائے کے ساتھ ازدواجی زندگی اور گھریلو ذمے داریوں کی تقسیم کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی ہے۔

ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے شریا گھوشال نے کہا کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ انہیں شیلادتیہ جیسا شریکِ حیات ملا جو گھر کے کاموں میں ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہیں۔

شریا کے مطابق شیلادتیہ اپنے برتن خود دھوتے، باورچی خانے کی صفائی کرتے اور گھر کے کئی دیگر کام بھی سنبھالتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شوہر کو یہ بات بھی پسند نہیں کہ گھر کے تمام کام صرف وہی کریں۔

گلوکارہ نے بتایا کہ دونوں کی مصروف پیشہ ورانہ زندگی کے باعث وہ گھریلو ذمے داریاں مل کر ادا کرتے ہیں، جبکہ شیلادتیہ نے کبھی ان سے یہ مطالبہ نہیں کیا کہ وہ ہر وقت گھر میں موجود رہیں۔

شریا گھوشال کا کہنا تھا کہ وہ بعض اوقات کام کے سلسلے میں کئی ماہ تک گھر سے دور رہتی ہیں، تاہم ان کے شوہر ہمیشہ اس معاملے میں پُراعتماد اور سمجھ دار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں کے درمیان انا کا مسئلہ نہیں اور وہ ایک دوسرے کی پیشہ ورانہ مصروفیات کو سمجھتے ہیں۔شریا کے مطابق ان کا بچہ ان کی زندگی کا اہم ترین حصہ ہے اور وہ اور ان کے شوہر مل کر بچے کی پرورش پر توجہ دیتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شریا گھوشال اور شیلادتیہ مکھوپادھیائے کی پہلی ملاقات اسکول کے زمانے میں ہوئی تھی۔ دونوں پہلے قریبی دوست بنے اور بعد ازاں ان کی دوستی محبت میں بدل گئی۔

شریا کے گلوکاری کے کیریئر کے عروج کے دوران بھی دونوں نے تقریباً 10 سال تک اپنے تعلق کو میڈیا سے پوشیدہ رکھا۔شریا گھوشال اور شیلادتیہ مکھوپادھیائے نے 2015ء میں شادی کی تھی، جبکہ 2021ء میں ان کے ہاں بیٹے دیویان کی پیدائش ہوئی۔