خیبر میں ایس ایچ او پر فائرنگ کے مقدمے کے 2 زیرحراست ملزمان ہلاک

خیبر (نامہ نگار)قبائلی ضلع خیبر کے علاقے ملاگوری میں پولیس اور غیر کسٹم ادا شدہ گاڑیوں کے مبینہ اسمگلروں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے ایس ایچ او ریاض حسین پر فائرنگ کے مقدمے میں زیرحراست 2 ملزمان بھی ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے مقدمے میں گرفتار ملزمان اشفاق احمد اور ہدایت خان کو جائے وقوعہ کی نشاندہی کیلئےلے جایا جارہا تھا کہ راستے میں ان کے ساتھیوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی۔پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی فائرنگ کے دوران زیرحراست دونوں ملزمان بھی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے، جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار محفوظ رہے، جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔واضح رہے کہ ایس ایچ او ملاگوری ریاض حسین آج صبح ملزمان کی فائرنگ سے شہید ہوئے تھے۔ پولیس نے کارروائی کے دوران 2 غیر کسٹم ادا شدہ گاڑیاں بھی قبضے میں لی تھیں۔پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔