لندن (پی سی بی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے قبل قومی ٹیسٹ اسکواڈ سے 7 کھلاڑیوں کو ریلیز کردیا۔پی سی بی کے مطابق ریلیز کیے گئے کھلاڑیوں میں محمد رضوان، امام الحق، سلمان علی آغا، علی عثمان، عامر جمال، محمد اویس ظفر اور خرم شہزاد شامل ہیں۔
پی سی بی نے ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو بھی ریلیز کردیا ہے۔ ان کی جگہ وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور ایشلے نوفکے کو بیک روم اسٹاف میں شامل کیا گیا ہے۔
کرکٹ بورڈ نے تیسرے ٹیسٹ کے لیے 7 متبادل کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے، جن میں سائم ایوب، عبداللہ فضل، عرفات منہاس، محمد عمران جونیئر، سعد بیگ، محمد عمران رندھاوا اور رضا اللہ شامل ہیں۔
پی سی بی کے مطابق نئے شامل کیے گئے کھلاڑیوں میں سے عرفات منہاس، محمد عمران جونیئر، سعد بیگ، محمد عمران رندھاوا اور رضا اللہ نے ابھی تک پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلی، جبکہ سائم ایوب 8 اور عبداللہ فضل 2 ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں۔
یہ تبدیلیاں انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی 194 رنز سے شکست کے بعد کی گئی ہیں۔ انگلینڈ نے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 2-0 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی ہے۔سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ 9 ستمبر سے برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔

