رام چرن کی اہلیہ اپاسنا کونڈیلا اربوں روپے کی کاروباری سلطنت کی وارث

ممبئی( بھارتی میڈیا)بھارتی فلمی اداکار رام چرن کی اہلیہ اپاسنا کونڈیلا ایک بڑے کاروباری خاندان سے تعلق رکھتی ہیں اور تقریباً 77 ہزار کروڑ بھارتی روپے مالیت کی کاروباری سلطنت کی وارث سمجھی جاتی ہیں۔

41 سالہ رام چرن اور 39 سالہ اپاسنا کونڈیلا کی شادی کو 14 برس مکمل ہو چکے ہیں۔ اپاسنا بھارت کے معروف کامینینی خاندان سے تعلق رکھتی ہیں، جس کا شمار صحت کے شعبے میں نمایاں کاروباری گروپوں میں کیا جاتا ہے۔اپاسنا نہ صرف ایک کامیاب کاروباری شخصیت ہیں بلکہ سماجی بہبود اور فلاحی سرگرمیوں میں بھی سرگرم کردار ادا کرتی ہیں۔

ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ ان کے خاندان میں جائیداد اور وراثت سے متعلق تنازعات سے بچنے کیلئے ایک تحریری خاندانی آئین موجود ہے، جس پر تمام افراد عمل کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خاندان میں مردوں اور خواتین کو مساوی حقوق اور یکساں مواقع فراہم کیے جاتے ہیں، جبکہ وراثت میں بھی سب کو برابر کا حصہ دیا جاتا ہے۔

اپاسنا کونڈیلا کے مطابق خاندانی آئین میں صرف مالی معاملات ہی نہیں بلکہ خاندان کی روایات، اقدار اور باہمی احترام کے اصول بھی شامل ہیں، جن کی پابندی ہر فرد کرتا ہے۔فلاحی خدمات کے اعتراف میں اپاسنا کونڈیلا کو دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے، جبکہ وہ معروف کاروباری جریدے فوربز کی ’’ٹائیکون آف ٹومارو‘‘ فہرست میں بھی شامل رہ چکی ہیں۔