رقص کی شوٹنگ کے دوران راشمیکا مندانا کولہے کی شدید چوٹ کا شکار، 6 ہفتے آرام کا مشورہ

ممبئی(شوبز خبر رساں ادارے) بھارتی اداکارہ راشمیکا مندانا رقص کے ایک مشکل منظر کی شوٹنگ کے دوران کولہے کی شدید چوٹ کا شکار ہوگئیں، جس کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں چھ ہفتے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق حال ہی میں فلم کاک ٹیل 2 میں نظر آنے والی راشمیکا مندانا اپنی آئندہ فلموں رنابالی اور میسا کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوئیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان کے کولہے کے ٹینڈن مکمل طور پر الگ ہوگئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ڈاکٹروں نے چوٹ کی شدت پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی ٹینڈن انجری عموماً سخت جسمانی تربیت کرنے والے کھلاڑیوں میں دیکھی جاتی ہے۔

اداکارہ چھ ہفتے کے آرام کے بعد باقاعدہ بحالی پروگرام سے گزریں گی تاکہ ان کی جسمانی طاقت بحال ہوسکے۔ اس چوٹ کے باعث ان کی زیرِ تکمیل فلموں کی شوٹنگ اور مختلف برانڈز کے ساتھ کیے گئے تشہیری معاہدوں کا شیڈول بھی متاثر ہونے کا امکان ہے۔

راشمیکا مندانا اس وقت چار بڑی فلموں پر کام کر رہی ہیں، جبکہ تقریباً 30 قومی اور بین الاقوامی برانڈز کے تشہیری معاہدوں سے بھی وابستہ ہیں۔حال ہی میں معروف کوریوگرافر برندا نے فلم میسا کے ایک گانے کی شوٹنگ کے دوران راشمیکا کی محنت، نظم و ضبط اور تکلیف کے باوجود پیشہ ورانہ لگن کو سراہا تھا۔

فلم میسا کے اعلان کے بعد سے ہی شائقین میں اس کیلئے خاصی دلچسپی پائی جا رہی ہے۔ فلم سازوں نے حال ہی میں بتایا تھا کہ راشمیکا مندانا پر فلمایا گیا ایک اہم زیرِ آب منظر کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔