لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان اور تجربہ کار آل راؤنڈر ندا ڈار نے قومی کرکٹ میں واپسی کا اعلان کرتے ہوئے ایک بار پھر پاکستان ٹیم کے لیے اپنی دستیابی ظاہر کر دی ہے۔
ندا ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ کچھ عرصہ اپنی توجہ مزید بہتر بنانے اور جسمانی فٹنس و طاقت کی بحالی پر کام کرنے کے بعد اب وہ دوبارہ قومی ٹیم کی نمائندگی کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں کرکٹ میں واپسی کا اعلان کرتے ہوئے بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے اور وہ مسلسل سخت محنت کر رہی ہیں تاکہ جب بھی پاکستان ٹیم کو ان کی ضرورت پڑے وہ اپنی بہترین کارکردگی پیش کر سکیں۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ وہ مستقبل کے چیلنجز کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں اور قومی ٹیم کیلئے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں نبھانے کا عزم رکھتی ہیں۔ندا ڈار نے اپنے پیغام میں ان تمام مداحوں، ساتھیوں اور خیر خواہوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشکل اور اچھے دونوں ادوار میں ان کا ساتھ دیا اور ان کی حوصلہ افزائی جاری رکھی۔

