سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن سے یومیہ 58 لاکھ بیرل تیل کی پمپنگ بحال

ریاض(خبر ایجنسیاں) سعودی عرب نے بڑے بحران کے بعد ایسٹ ویسٹ پائپ لائن سے یومیہ 58 لاکھ بیرل تیل کی پمپنگ بحال کردی۔

سعودی وزیر توانائی نے کہا کہ سعودی عرب نے بڑے بحران کے بعد صرف 5 روز میں ایسٹ ویسٹ سپلائی لائن بحال کی، مقامی پیداوار کا دائرہ توانائی کے شعبے سے بڑھا کر غذا، ادویات اور دیگر اہم شعبوں تک وسیع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ توانائی، صنعت اور کان کنی کے شعبوں میں 70 فیصد سعودی شہریوں کو روزگار دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، سعودی عرب خام مال کو تیار مصنوعات اور صنعتی پیداوار میں تبدیل کرنے کے بڑے پروگرام پر کام کر رہا ہے۔

سعودی وزیر توانائی نے خلیجی ممالک پر زور دیا کہ وہ صنعتی اور اقتصادی انضمام کے پروگرام میں شرکت کریں، توانائی، کان کنی اور صنعت کے شعبوں میں باہمی انضمام سعودی عرب کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک صنعت، توانائی اور رسد کے سلسلے میں تعاون مزید مضبوط کریں تاکہ خطے کی اقتصادی اور صنعتی صلاحیت کو بڑھایا جاسکے۔