صنعا(امریکی میڈیا) حوثی اکثریتی تنظیم انصاراللہ کے سیاسی بیورو کے عہدیدار نصرالدین امیر نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے خلاف کارروائیوں کے احکامات ایران سے نہیں آرہے اور ان کی تنظیم کو ایسے اقدامات کیلئے تہران سے ہدایات لینے کی ضرورت نہیں۔
امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نصرالدین امیر نے کہا کہ سعودی عرب کے خلاف اقدامات کرنے کیلئے ہمیں ایران سے احکامات لینے کی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ حوثیوں کی فوجی کارروائیوں کا جواز سعودی عرب کی جانب سے حوثی گروپ کے خلاف مبینہ جارحیت ہے۔
نصرالدین امیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے حوثی زیرِ قبضہ علاقوں کی اقتصادی اور فضائی ناکہ بندی نے دنیا کا بدترین انسانی بحران پیدا کیا ہے۔حوثی عہدیدار نے کہا کہ سعودی جارحیت انہیں فیصلہ کن کارروائیوں میں اضافے پر مجبور کرنے کیلئے کافی ہے، اس کیلئے کسی دوسرے ایجنڈے یا بیرونی ہدایات کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ حوثیوں کی فوجی کارروائیاں رکوانے کیلئے سعودی ناکہ بندی کا خاتمہ ضروری ہے۔نصرالدین امیر نے مزید کہا کہ جب تک حوثی زیرِ قبضہ علاقوں کے خلاف کارروائیاں اور ناکہ بندی ختم نہیں کی جاتی، اس وقت تک ان کی تنظیم اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

