سندھ کسی فرد یا جماعت کی مرضی سے تقسیم نہیں کیا جاسکتا:سمعتا افضال

کراچی(نمائندہ خصوصی)ترجمان سندھ حکومت سمعتا افضال نے ایم کیو ایم رہنما اور وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کسی فرد یا جماعت کی مرضی سے تقسیم نہیں کیا جاسکتا۔

ایک بیان میں سمعتا افضال نے الزام عائد کیا کہ مصطفیٰ کمال اپنے خلاف مقدمے سے توجہ ہٹانے کیلئےانتشار پر مبنی بیانیہ اختیار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئینی طریقۂ کار کے تحت نئے صوبے کے قیام کیلئےمتعلقہ صوبائی اسمبلی کی منظوری ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کوئی ایسی جگہ نہیں جس کا نقشہ کوئی فرد مرضی سے تبدیل کرنے کا اعلان کرے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ صوبے بنانا کسی فرد یا سیاسی جماعت کا یک طرفہ اختیار نہیں، جبکہ ایم کیو ایم کے ارکانِ اسمبلی ایوان کے اندر اور باہر مختلف مؤقف اختیار کرتے ہیں۔

سمعتا افضال نے مصطفیٰ کمال کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پہلے اپنی جماعت کا سیاسی مینڈیٹ ثابت کیا جائے اور اندرونی تضادات ختم کیے جائیں، اس کے بعد دوسروں کو سیاسی مشورے دیے جائیں۔