سوئٹزرلینڈ نے بوسنیا و ہرزیگوینا کو شکست دے کر اگلے مرحلے کی امیدیں روشن کرلیں

لاس اینجلس( فیفا، رائٹرز، اے ایف پی)فیفا ورلڈ کپ میں سوئٹزرلینڈ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بوسنیا و ہرزیگوینا کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر تین اہم پوائنٹس اپنے نام کر لیے اور اگلے مرحلے تک رسائی کی امیدیں مزید مضبوط بنا لیں۔

لاس اینجلس میں کھیلے گئے میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر متعدد حملے کیے، تاہم کوئی بھی ٹیم برتری حاصل نہ کرسکی اور وقفے تک مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

دوسرے ہاف میں سوئٹزرلینڈ نے جارحانہ حکمت عملی اپنائی اور آخری 23 منٹ، بشمول اضافی وقت، میں چار گول داغ کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔سوئٹزرلینڈ کی جانب سے متبادل کھلاڑی یوہان منزمبی نے دو گول اسکور کیے، جبکہ روبین ورگاس اور گرانیت ژاکا نے ایک، ایک گول کیا۔

میچ کے دوران بوسنیا و ہرزیگوینا کے کھلاڑی موہاری مووچ کو ریفری نے ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا، جبکہ ٹیم کی جانب سے واحد گول اضافی وقت کے تیسرے منٹ میں محمک نے کیا۔

میچ کے اختتام پر سوئٹزرلینڈ نے چار ایک سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے تین قیمتی پوائنٹس حاصل کیے، جس کے بعد اس کے مجموعی پوائنٹس چار ہو گئے ہیں اور ٹیم نے اگلے مرحلے میں رسائی کی دوڑ میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔