شام کے وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان، دوطرفہ تعلقات میں نئے باب کا آغاز

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی کے دورہ پاکستان کو دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات میں نئے باب کا آغاز قرار دیا گیا ہے۔شامی خبر ایجنسی کے مطابق دورے کے دوران پاکستان اور شام کے درمیان سیاسی، سیکیورٹی اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شامی خبر ایجنسی کے مطابق پاکستان نے شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں کے معاملے پر بھی شام کے مؤقف کی حمایت کی۔رپورٹ کے مطابق پاکستان نے شام کے شہر ادلب کے ابو الظہور ہوائی اڈے پر اسرائیلی حملوں کی مذمت بھی کی۔

دورہ پاکستان کے دوران شامی وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقاتیں کیں، جبکہ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے بھی اہم ملاقاتیں کیں۔

شامی خبر ایجنسی کے مطابق اسعد حسن الشیبانی نے مکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کیلئےپاکستان کے کردار کو سراہا۔دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے، باہمی تعاون کے نئے شعبوں کی نشاندہی اور خطے کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔