لاہور (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف سے جاتی امرا، رائے ونڈ میں ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، آزاد کشمیر میں حکومت سازی اور پارٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے معاملات اور سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی اور سیاسی امور بھی زیر بحث آئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق معاملے اور اس کے سیاسی اثرات پر بھی گفتگو کی۔ملاقات میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ممکنہ سیاسی اتحاد کے امکانات اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف اور شہباز شریف نے سیاسی معاملات پر مشاورت جاری رکھنے اور پارٹی کی آئندہ حکمت عملی کو باہمی مشاورت سے آگے بڑھانے پر بھی بات چیت کی۔

